سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو تبدیل کر دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری

Published On 01 January,2021 02:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نئے سال کے پہلے ہی روز پنجاب پولیس میں بڑی تبدیلی، لاہور کے کیپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) عمر شیخ کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

 حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 20 کے عمر شیخ کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس / ڈپٹی کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری فاروق آباد کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان کی جگہ غلام محمد ڈوگر کو سی سی پی او لاہور کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔

 یاد رہے غلام محمد ڈوگر آر پی او فیصل آباد رہ چکے ہیں۔ غلام محمود ڈوگر ڈی آئی جی ٹیکنیکل پروکیورمنٹ بھی رہے۔

 

سابق سی سی پی او لاہور سینئر افسران کے ساتھ اپنے اختلافات اور ماتحتوں سے نامناسب رویوں اور بیانات کے باعث خاصے تنازعات میں گھرے رہے۔ عمر شیخ اس وقت خبروں میں نمایاں ہوئے تھے جب ان سے اختلافات کے سبب گزشتہ برس 9 ستمبر کو سابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب شعیب دستگیر کی جگہ انعام غنی کو آئی جی تعینات کر دیا گیا تھا۔