لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی رہنما یاسمین راشد اور کیپیٹل سٹی پولیس کے افسر ( سی سی پی او ) لاہور غلام محمود ڈوگر کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔
مبینہ آڈیو میں غلام محمود ڈوگر کہتے ہیں کہ ابھی تک آرڈر نہیں ملے، سپریم کورٹ سے آرڈر ہونے ہیں، وہ جیسے ہی ہوں گے مل جائیں گے، ہمارے بندے بیٹھے ہیں۔
مبینہ لیک کی گئی آڈیو میں یاسمین راشد کہتی ہیں کہ ڈوگر صاحب آپ کا کیا حال ہے، ٹھیک ہیں؟ غلام محمود ڈوگر جواب دیتے ہیں کہ جی میڈم اللہ کا شکر ہے۔
یاسمین راشد نے سوال کیا کہ کوئی اچھی خبر سنا دیں، آرڈر ہو گئے ہیں؟ غلام محمود ڈوگر نے جواب دیا کہ ابھی تک آرڈر نہیں ملے۔
آج رات خاموشی سے گزر جائے گی؟؟ یاسمین راشد کی سی سی پی او کیساتھ مبینہ آڈیو لیک#DunyaNews #YasminRashid #AudioLeak #GhulamMehmodDogar pic.twitter.com/rCsWWcb5NM
— Dunya News (@DunyaNews) February 18, 2023
یاسمین راشد نے کہا کہ ان کا ارادہ کیا ہے، ویسے ہی پوچھ رہی ہوں، غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ نہیں نہیں وہ تو سپریم کورٹ سے آرڈر ہونے ہیں، جیسے ہی ہوں گے مل جائیں گے، وہاں ہمارے بندے بیٹھے ہوئے ہیں۔
جس پر یاسمین راشد نے کہا کہ اچھا، غلام محمود ڈوگر نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ وہ ڈاک جاتی ہے ناں ساتھ، تو جج صاحبان اس پر سائن کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہاں اچھا، غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ کورٹ ٹائم میں تو نہیں کرتے، وہ تو عدالت کے ٹائم کے بعد ہی کرتے ہیں، یاسمین راشد نے کہا کہ اچھا وہ خان صاحب کافی کنسرن تھے ناں۔
سابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ اچھا ٹھیک، یاسمین راشد نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ میری خبر کے مطابق آرڈر نہیں ملے ابھی تک۔
جواباً غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ جی ابھی تک نہیں، وہ آجائیں گے رات کو، رات کو ڈاک سائن ہو کر آجاتی ہے۔
اس موقع پر یاسمین راشد قہقہہ لگاتے ہوئے کہتی ہیں کہ ہماری رات آج خاموشی سے گزر جائے گی، میں ویسے ہی پوچھ رہی ہوں۔
غلام محمود ڈوگر نے جواب دیا کہ اللہ خیر کرے گا۔