اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی داخلہ کمیٹی نے اسلام آباد پولیس کو دس دنوں میں اسامہ ندیم قتل کیس کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
کمیٹی نے ہزارہ برادری کے 23 بیگناہ افراد کے بہیمانہ قتل کی بھی شدید مذمت کی۔ معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ اسامہ ندیم اور ہزارہ برادری مقتولین کے لواحقین کو ہر صورت انصاف دلائیں گے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس وقار الدین نے کمیٹی کو اسامہ ندیم کے قتل پر بریفنگ دی۔ چئیرمین کمیٹی رحمان ملک نے کہا کہ پولیس کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کا قتل افسوسناک ہے۔ ایسا پہلی بار نہیں ہوا، گاڑی پر جس طرح گولیاں برسائی گئیں، یہ سفاکیت ہے۔ اس جرم کے مرتکب افراد کیساتھ کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے اسامہ ستی کی رسم قل میں شرکت کی۔ اس موقع پر زلفی بخاری نے کہا کہ وزیراعظم خود اس کیس کو دیکھ رہے ہیں، وعدہ کرتا ہوں کہ اسامہ کی فیملی کو انصاف ملے گا، اہلخانہ کے مطالبے پر جوڈیشل انکوائری ہوگی۔