تدفین ہو جائے تو وزیراعظم کوئٹہ جانے کیلئے تیار ہیں: شیخ رشید

Published On 08 January,2021 02:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تدفین ہو جائے تو وزیراعظم آج ہی کوئٹہ جانے کیلئے تیار ہیں، ہزارہ برادری کے مطالبات پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میتیں سب کی سانجھی ہیں، شہدا کی تدفین پر مذاکرات ہو رہے ہیں، تدفین ہو جائے تو وزیراعظم کوئٹہ جانے کیلئے تیار ہیں۔ ہزارہ قبیلے کو نشانہ بنانے میں عالمی قوتیں ملوث ہیں، وزیراعظم ہزارہ قبیلے سے خاص ہمدردی رکھتے ہیں۔ علمائے کرام تدفین کے معاملے پر ہزارہ کمیونٹی سے رابطہ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم اور بلاول نے ہزارہ برادری کے سامنے سیاسی تقریر کی، عبدالغفورحیدری نے کہا ڈٹے رہو، بیٹھے رہو، سیاست کے لیے بڑا وقت پڑا ہے۔ پاکستان میں دہشتگردی کی نئی لہر ہے، مزید تھریٹس ہیں۔ ہزارہ برادری کے مطالبات پر عمل شروع ہو گیا ہے۔ ایف سی کو علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کی ہدایت کی ہے۔ ڈی سی سمیت تمام انتظامیہ کو معطل کر دیا ہے۔