بجلی کا بڑا بریک ڈاون، 4 بجے تک تمام شہروں‌میں‌سپلائی بحال ہو جائے گی، پاور ڈویژن

Published On 10 January,2021 01:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں بجلی کے بدترین بریک ڈاون کے بعد پاور ڈویژن حکام نے کہاہے کہ چار بجے تک تمام شہروں میں بجلی کی فراہمی شروع ہو جائے گی، طلب پوری کرنے کیلئے فرنس آئل اور گیس سے بجلی پیدا کر رہےہیں. ۔

تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن حکام کا کہنا تھا کہ نیوکلیئراور کول پاورپلانٹس کو بھی جلد بحال کر دیا جائے گا، حکام پاور پلانٹس سسٹم میں آنے سے بجلی بحال کردی جائے گی۔ 4 بجے تک ملک بھر میں بجلی بحال کر دی جائے گی۔

گزشتہ شب کراچی سے خیبرتک بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا، تاہم حکومت کی جانب سے فوری طور پر بحالی کے اقدامات کی ہدایت کی گئی جس کے بعد اسلام آباد ، کراچی ، ملتان اور پشاور سمیت کئی شہروں کو بجلی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔ لاہور اور فیصل آباد میں بھی سپلائی بحال کر دی گئی تاہم کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع اب تک بتی سے محروم ہیں۔

وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بجلی کی مر حلہ وار بحالی جاری ہے، گدو پاور پلانٹ میں فالٹ آیا جس کی وجہ سے10 ہزار میگا واٹ سسٹم سے آؤٹ ہوگئے۔ بریک ڈاؤن کی وجوہات جاننے کیلئے ا نکوائری جاری ہے، آزادانہ تحقیقات کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔
 

Advertisement