لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں بجلی مکمل بحال نہیں ہو سکی ہے۔ پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ طلب پوری کرنے کیلئے فرنس آئل اور گیس سے بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
تفصیل کے مطابق ملک بھر میں بریک ڈاؤن کے بعد بجلی کی بحالی جاری ہے۔ بلوچستان کے کئی اضلاع تاحال بجلی سے محروم ہیں۔ این ٹی ڈی سی نے بجلی کے بریک ڈاؤن کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات 11 بج کر 41 منٹ پر گدو میں فالٹ پیدا ہوا، جس کے باعث ملک کی ہائی ٹرانسمیشن لائن میں ٹرپنگ ہوئی اور سسٹم کی فریکوئنسی 50 سے صفر پر آگئی۔ فریکوئنسی گرنے کے باعث پاور پلانٹس بند ہو گئے۔
وزیر توانائی عمر ایوب نے بھی ترسیلی نظام میں فریکوئنسی 50 سے صفر پر آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بحالی کے کام کی خود نگرانی کر رہا ہوں، لوگوں کو بجلی بحالی سےمتعلق اپ ڈیٹ سے آگاہ رکھا جائے گا، عوام سے تحمل کی اپیل ہے۔
این ٹی ڈی سی حکام کے مطابق بجلی کے بریک ڈاؤن کی تحقیقات اور وجہ معلوم کرنے کے لئے ہائی لیول کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ترسیلی نظام کو بحال کرنے کی بھرپور کوشش جاری ہے۔ تربیلا پاور ہاؤس کے تین اور وارسک پاور ہاؤس کے یونٹس بھی چلا دئیے گئے ہیں۔ ترتیب وار بجلی بحالی کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے، جوں ہی ابتدائی فریکونسی مل جائے تو بحالی کا کام تیزی سے ہوتا ہے۔ حکام کے مطابق منگلا پاور ہاؤس بھی چلا دیا گیا ہے۔