لاہور: (دنیا نیوز) بجلی کے بریک ڈاﺅن کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) نے عمر ایوب اور فیصل واوڈا کے استعفوں کا مطالبہ کرتے ہوئے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔
قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ بجلی کے ملک گیر بریک ڈاﺅن کی تحقیقات کے لئے کمیشن قائم کیا جائے، تحقیقاتی کمیشن میں وزیر بجلی و پانی سمیت تمام متعلقہ افسران کو طلب کیا جائے، تحقیقاتی کمیشن فرائض میں غفلت بھرتے والے افراد کا تعین کرے:قرارداد میں مطالبہ تحقیقاتی کمیشن ایک ہفتے میں اپنے رپورٹ پبلک کرے، تحقیقات مکمل ہونے تک وفاقی وزیر عمر ایوب اور فیصل واوڈا فوری مستعفی ہوں۔
دوسری جانب بجلی کے بریک ڈاون کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، لاہور میں دو روز بعد بھی بجلی کا ترسیلی نظام معمول پر نہ آسکا، لیسکو کے 320 سے زائد فیڈرز سے بجلی بند ہے۔ لیسکو کو تاحال ڈیمانڈ کے مطابق بجلی مہیا نہ کی جاسکی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی جبری لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
گلشن راوی، سمن آباد، راج گڑھ، مغل پورہ، شالا مار، مزنگ، عابد مارکیٹ، شاد باغ، بادامی باغ، شاہدرہ، کریم پارک، بیگم کوٹ، کوٹ محمدی، بلال گنج، شیرانوالہ، بھاٹی گیٹ، شاہ عالم مارکیٹ، گرین ٹاون، بھٹہ چوک، علی پارک، آر اے بازار، گلستان پارک، نشاط کالونی میں بجلی بند ہے۔
قلعہ گجر سنگھ، گڑھی شاہو، دھرم پورہ، صدر، گلبرگ، علامہ اقبال ٹاون میں بھی بجلی بند ہے۔ ذرائع کے مطابق لیسکو کو بلاتعطل بجلی فراہمی کے لیے 2200 میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے، این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 1200 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے، لیسکو کو 1000 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔