اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آڈیٹر جنرل کے اختیارات اور ہائی سپیڈ ڈیزل کو ٹیکس اور ڈیوٹی سے استثنیٰ کی منظوری دیدی گئی ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل لاہور کو پولیس سٹیشن ڈیکلیئر کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ نوشہرہ میں کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر سے متعلق چار رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کو قرضوں کے علاوہ بیرونی فنڈز سے متعلق بریفنگ موخر کر دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے لیگل اینڈ جسٹس ایڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کی منظوری بھی دی۔
وفاقی کابینہ نے نیشنل طب کونسل کے نئے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی، پاکستان کونسل فار سائنس و ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی، کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے گزشتہ دور اجلاسوں اور اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔