اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی امریکی خفیہ ادارے فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے درمیان اہم معاہدے کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسلامی فلاحی ریاست کی اصل روح کے مطابق عمل کرنا ہوگا۔ ہم مستقبل میں ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں نچلے طبقے کا احساس ہو۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ائیڈو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ کے ڈی جی اور سٹیٹ لائف انشورنش کارپوریشن آف پاکستان کے چیئرمین کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی اور نجکاری کمیٹی کی جانب سے 24 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔
وفاقی کابینہ نے نوشہرہ میں ریلوے زمین پر کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر، گلگت بلتستان میں ٹمبر مافیا کے خلاف اقدام اور ایف سی کی تین سال کے لئے تقرری کی منظوری بھی دی۔
کابینہ نے اسلام آباد میں کورونا آئسولیشن ہسپتال کو آپریشنل کرنے کے لیے فنڈز جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ کو بیرونی قرضوں کے علاوہ فارن فنڈز کے استعمال پر بریفنگ جبکہ پیمرا کونسل آف کمپنلینٹ کی تشکیل نو کی منظوری کی سمری بھی موخر کر دی گئی۔