لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ مخالفین نواز شریف کو پھنسانے کے چکر میں تھے، براڈ شیٹ ان کے اپنے گلے میں پڑ گیا، وزیراعظم جس سے خطرہ محسوس کرتے ہیں اسے جیل بھیج دیتے ہیں، عمران خان شہباز شریف سے بھی خوفزدہ ہیں۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین نے قومی خزانہ بھی برباد کیا مگر نکلا کچھ نہیں، نواز شریف کو بے گناہی مل گئی، براڈ شٹ سے پیسے مانگ کر یہ پتا چل گیا کہ یہ کتنے کرپٹ، نااہل اور چور ہیں، شہباز شریف اور حمزہ جلد باہر آئیں گے، پی ڈی ایم عوام کی آواز ہے، حکومت کے ہاتھ پاؤں اور سانسیں پھولی ہوئی ہیں۔
قبل ازیں مریم نواز نے لاہور کی احتساب عدالت میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے لیگی صدر کو پی ڈی ایم کے فیصلوں سے متعلق آگاہ کیا۔
مریم نواز نے کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ احتساب نہیں، انتقام ہے، کیسز سے ایک دن ضرور سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا گیا، براڈ شیٹ کے معاملے پر حکومتی بد نیتی سامنے آئی، ضمنی انتخابات جیتیں گے، 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے بھرپور احتجاج ہوگا۔
ادھر احتساب عدالت کے باہر مسلم لیگ ن کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان شدید دھکم پیل ہوئی۔ خواجہ عمران نذیر نے پولیس اور کارکنوں کے درمیان بچ بچاؤ کروایا۔ لیگی کارکن عدالت کے اندر جانا چاہتے تھے، پولیس اہلکاروں کے روکنے پر پولیس اور کارکنوں کے درمیان دھکم پیل ہوئی۔