سانحہ مچھ: ورثاء سے ملاقات کیلئے مریم، بلاول کا کوئٹہ جانے کا اعلان

Published On 06 January,2021 11:03 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) ہزارہ برادری کے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز جمعرات کو کوئٹہ جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز جمعرات کو کوئٹہ جائینگی، دورے کے دوران ہزارہ برادری کے شہدا کے لواحقین سے ملاقات کریں گی جبکہ ہزارہ برادری کے شہدا کے لواحقین سے اظہار افسوس بھی کریں گی۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کے ساتھ پارٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال، سینیٹر پرویز رشید، انجینئر خرم دستگیر، رانا ثنا اللہ ، کیپٹن صفدر، مریم اورنگزیب اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر بھی ہمراہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے بعد مریم نواز کی بھی ہزارہ برادری سے میتوں کی تدفین کی اپیل

لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مریم نواز شریف کے ہمراہ جانے والا وفد سابق وزیر اعظم نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کی جانب سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرے گا۔

اُدھر پیپلز پارٹی کے ترجمان کے مطابق پاکستان بلاول بھٹو مغربی بائی پاس پر ہزارہ کیمونٹی کے دھرنے میں جائیں گے اور سانحہ مچھ کے مقتولین کے ورثاء سے تعزیت کریں گے۔

ذرائع بلاول ہاؤس کا کہنا ہے کہ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ پیپلز پارٹی کے وفد میں وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ اور سندھ کابینہ کے ارکان بھی شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ مچھ: وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزراء دھرنے کے شرکاء کو منا نہ سکے

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے شرکاء سے میتیں دفنانے کی اپیل کی تھی۔

ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا ہے کہ میری اپیل ہے کہ اپنے پیاروں کی میتیں ﷲ کے حوالے کرکے سپرد خاک کردیں۔ ﷲ ان کی مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے اور آپ کو صبر دے۔ آمین۔ دعاگو، آپ کی بیٹی، بہن۔ مریم نواز۔

انہوں نے کہا کہ میری دکھی ماؤں، بہنو! اپنے پیاروں کا ایسا ظالمانہ قتل معمولی سانحہ نہیں۔پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے ۔میں اور میرے والد بھی بہت دکھی ہیں لیکن آپ ایک بے حس اور پتھر دل انسان کا انتظار نہ کریں وہ آپ کو یا عوام کو جوابدہ نہیں ۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اپنے والد نواز شریف کی ہدایت پر انشاء اللہ کل یہ التجا لے کر اپنی بہنوں اور بھائیوں کے پاس جا رہی ہوں کہ وہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کردیں۔ مجھے یقین ہے وہ اپنی بیٹی کی درخواست رد نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں ہزارہ برادری کےتمام تحفظات دورکریں گے: وزیراعظم عمران خان

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ چار دنوں اور راتوں سے اس شدید سردی میں میں ہزارہ برادری اپنے پیاروں کی میتوں کے ساتھ اسلام آباد کی بے حسی کو آواز دے رہی ہے۔ یہ اسلامی اخوت اور انسانی ہمدردی کے حوالے سے ہم سب کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔
 

Advertisement