کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہزارہ برادری کے سر پر ہاتھ رکھیں، یہ لوگ بھی ریاست کے شہری ان کو تحفظ دیا جائے۔ لوگوں کے غم میں شریک ہونا وزیراعظم کی ذمہ داری ہے۔
مریم نواز شریف کا ہزارہ برادری کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ کے پیارے چلے گئے، میں آپ سے دلی تعزیت کرتی ہوں۔ میرے پاس آپ کی دلجوئی کیلئے کوئی الفاظ نہیں، جس پر گزرتی ہے، صرف وہی جانتا ہے۔ میرے والد نے آپ لوگوں کیلئے خصوصی سلام بھیجا ہے۔ صرف ہم نہیں پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ میں غریب کان کنوں کے گلے کاٹے گئے، تصاویر نہیں دیکھی جا سکتیں۔ ہزارہ برادری کے لوگوں کو محدود کیا جا چکا ہے۔ انھیں آزادانہ نقل وحرکت کی آزادی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا افسوس ہے کہ آپ کسی بے حس شخص کو پکار رہے ہیں اور اس کے پاس وقت نہیں ہے۔ خدارا ریاست کے شہریوں کو تحفظ دیا جائے۔ شہریوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے وزیراعظم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی کرسی پر بیٹھے شخص پر افسوس ہے جو تنقید کے ڈر سے یہاں نہیں آ رہا لیکن ان کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کے غموں میں شریک ہو۔
مریم نواز نے کہا کہ مجھے کہا گیا ہے کہ جب تک وزیراعظم نہیں آئیں گے، ہم شہدا تدفین نہیں کریں گے۔ کیا وزیراعظم کی انا اشوں سے بڑی ہو گئی ہے؟ وزیراعظم کو یہاں آنا پڑے گا، احتجاج کرنے والے کوئی بڑی چیز نہیں مانگ رہے۔