پی ڈی ایم نے استعفے دے دیئے تو حکومت کا کام تمام ہو جائے گا، مریم نواز شریف

Published On 03 January,2021 08:12 pm

بہاولپور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم استعفے دے دیئے تو حکومت کا کام تمام ہو جائے گا۔ جعلی وزیراعظم یاد رکھیں ان کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

بہاولپور میں پی ڈی ایم کی ریلی سے خطاب میں کہنا تھا کہ اس حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ آج ملک میں مہنگائی سے ہر شخص پریشان ہے۔ جعلی حکومت کی وجہ سے عوام پس رہے ہیں۔ عوام نے فیصلہ سنادیا، حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈھائی سال بعد ہاتھ کھڑے کر دیئے کہ کام نہیں آتا۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ تیاری کے بغیر حکومت میں نہیں آنا چاہیے۔ ہمیں عوام کی پریشانی کا احساس ہے۔ چاہتے ہیں کہ جلد سے جلد وزیراعظم کو گھر بھیجیں۔

مریم نواز مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت کا موجودہ سے موازنہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے دور میں آٹا 35 آج 90 روپے کلو ہے۔ آج چینی 120 روپے کلو ہو چکی ہے۔ بجلی اور گیس کے نرخوں میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں 25 فیصد بڑھانا ہوں گی۔ عوام روٹی پوری کریں یا بجلی، گیس کے بل دیں؟

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب کو کھڑا نہ ہونے کا طعنہ دیا جاتا تھا۔ سن لو! پنجاب اپنے حقوق کو واپس لینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے ریلی میں موجود کارکنوں سے کہا کہ جب پنجاب کھڑا ہو جاتا ہے تو پتا ہے کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں؟ ان کو اتنا خوف اور ڈر بلاوجہ نہیں ہے۔ سٹیبلشمنٹ اور سلیکٹڈ بھی دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی کا نعرہ لگاتے تھے۔ عوام بتائیں کیا مہنگائی کے اس طوفان کو تبدیلی کہتے ہیں؟ کیا اس نالائقی، بے روزگاری کے سیلاب کو تبدیلی کہتے ہیں؟ کیا کشمیر فروشی کو تبدیلی کہتے ہیں؟ کیا غریب کے چولہے کی آگ بجھانے کو تبدیلی کہتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کان کن شہید ہوگئے لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگی، کیا اسے تبدیلی کہتے ہیں؟ بار بار کہتا ہے کہ فوج جانتی ہے میں کرپٹ نہیں ہوں۔ تم دو لاکھ روپیہ تنخواہ اور 300 کنال کا محل چلاتے ہو، پھر بھی کہتے ہو کہ فوج جانتی ہے کرپٹ نہیں ہوں۔
 

Advertisement