پشاور: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما و ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے عارف علوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کو ایوان صدر نہیں ڈینٹل کلینک میں ہونا چاہئے۔
صدر علوی کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ حمد اللہ نے کہا کہ جناب صدر آپ نے بلز واپس بھجوانے کا جو طریقہ کار اپنایا کیا وہ آئینی ہے؟ کیا یہ انوکھا طریقہ آئین کے آرٹیکل 75 کی خلاف ورزی نہیں ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ خلاف ورزی ہے تو تم غیرآئینی کام کے مرتکب ہوئے ہو، جس سے ریاست کی جگ ہنسائی ہوئی، آئینی منصب پر بیٹھ کر غیرآئینی کردار ریاست اور صدارتی منصب کی توہین ہے۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ آپ کا یہ غیرآئینی عمل اپنے لیڈر کے ساتھ ساتھ سائفر کیس میں وفاداری نبھانے کا بھی ناکام کوشش ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ تم پاکستان کے نہیں اٹک جیل کے مہمان کے وفادار ہو۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو ایوان صدر میں نہیں ڈینٹل کلینک میں ہونا چاہئے، مستعفی ہو کر اپنے آپ کو قانون کے حوالے کریں۔