اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے ویڈیو لنک اجلاس میں اسمبلیوں کی تحلیل 9 اگست کو کرنے پر تمام رہنماؤں نے اتفاق کر لیا۔
نگران وزیر اعظم کی تقرری کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادیوں کے ویڈیو لنک اجلاس میں 4 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، اتحادی جماعتوں کے درمیان نگران وزیراعظم، نئی مردم شماری، ضمنی انتخابات اور اسمبلیوں کی تحلیل پر مشاورت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف جسے مناسب سمجھیں نگران وزیراعظم نامزد کردیں، اتحادیوں کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، مردم شماری کے معاملے پر مشترکہ مفادات کونسل جو فیصلہ دے گی قبول ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا
ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا کہ اجلاس میں ضمنی انتخابات کا معاملہ نگران حکومت پر ڈال دیا گیا، شرکاء کا کہنا تھا کہ نگران حکومت آئندہ کے ضمنی انتخابات کے معاملات کو خود دیکھ لے گی، اتحادیوں نے رائے دی کہ وزیراعظم اور اپوزیشن آپس میں مشاورت سے نگران وزیراعظم کا انتخاب کرلیں۔
یہ بھی پڑھیں: 9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی، وزیر اعظم شہباز شریف
اجلاس میں بلوچستان سے جسٹس ریٹائرڈ شکیل بلوچ کا نام نگران وزیر اعظم کیلئے تجویز کیا گیا، نگران وزیراعظم کیلئے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد کا نام بھی زیر غور آیا جبکہ ایم کیو ایم نے نگران وزیراعظم کے نام پر مزید مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: الوداعی دعوتوں کا آغاز، وزیر اعظم شہباز شریف نے عسکری قیادت کو عشائیہ دیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے نگران وزیراعظم سے متعلق اتحادیوں سے آج رات تک تجاویز مانگ لیں، وزیراعظم نے اس ضمن میں کہا کہ جو تجاویز دینا چاہے وہ آج رات تک مجھ سے رابطہ کر سکتا ہے، اجلاس میں محسن داوڑ نے بھی نگران وزیر اعظم کیلئے دو نام تجویز کیے۔