الیکشن کمیشن کےباہراحتجاج قومی ادارے کودھمکانے کی بھونڈی کوشش ہے:شبلی فراز

Published On 17 January,2021 05:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے پی ڈی ایم کی جانب سے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کے اعلان کو جھتے لا کر قومی ادارے کو دھمکانے کی کوشش قرار دیدیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت مخالف تحریک ماضی کا حصہ بن گئی ہے۔ انہوں نے اپنے تمام پتے کھیل لیے لیکن رسوائی کے علاوہ کچھ نہیں ملا، اب پی ڈٰی ایم اپنا آخری پتہ کھیلنے جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج قومی ادارے پر دباؤ کیلئے ہے۔ مولانا فضل الرحمان کو نیب نوٹس ملا تو کہا پوری پارٹی کیساتھ جاؤں گا۔ یہ لوگ جتھے لا کر اداروں کو دھمکانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں ایک چھتری تلے جمع ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ سب اکٹھے ہوں گے۔ اپوزیشن نے اپنے اپنے ادوار میں اداروں کو مفلوج کیا۔ سابق حکمرانوں نے اداروں میں اپنے لوگ بٹھائے ہوئے تھے۔ دونوں جماعتوں نے ملک کو اپنی جاگیر بنا رکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی نے تفصیلات جمع کرائیں۔ پی ٹی آئی کو فنڈ بھیجنے والے 40 ہزار ناموں کی تفصیلات موجود ہیں۔ تاہم پی ڈی ایم جماعتیں فارن فنڈنگ کا جواب جمع نہیں کرا سکیں۔ الیکشن کمیشن دونوں جماعتوں سے فنڈز دینے والوں کے شناختی کارڈ مانگتا رہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ڈی ایم سکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہو۔
 

Advertisement