لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج، موٹروے کئی مقامات سے بند

Published On 20 January,2021 08:55 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج ہے، حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کئی مقامات سے بند کر دی گئی۔ لاہور ایئر پورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

لاہور سمیت پنجاب کے کئی مقامات پر صبح کے وقت حد نگاہ صفر تک رہی۔ بہاولنگر، منچن آباد، بورے والا، ظفر آباد میں دھند چھائی رہی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیاقت پور اور دیگر علاقوں میں بھی دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔ دھند بڑھنے سے لاہور ایئر پورٹ کا رن وے بھی بند کرنا پڑا، پروازوں میں تاخیر اور منسوخی سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے اکثر علاقوں میں آج موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
 

Advertisement