لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند، موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند

Published On 19 January,2021 08:33 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردی بڑھنے سے دھند میں اضافہ ہوگیا۔ موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

جاڑے کی شدت میں اضافے سے میدانی علاقوں میں دھند بھی بڑھ گئی۔ پنڈی بھٹیاں، قصور، وہاڑی بورے والا میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہی۔ قومی شاہراہ پر لاہور، اوکاڑہ، چیچہ وطنی اور دیگر کئی علاقوں میں شدید دھند کا راج رہا۔

موٹروے پولیس نے دھند میں شہریوں کو بغیر ضرورت سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ دھند کے باعث فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا، لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا۔ پروازوں میں تاخیر سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔ بالائی خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔