اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ کورونا ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں مارچ تک دستیاب ہونگی۔ حکومت نے 2 کروڑ ویکسین کا ہدف رکھا ہے۔ ڈریپ نے 2 کورونا ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ امید ہے فروری کے شروع میں ابتدائی نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں مہیا کرنے کے قابل ہوں گے۔ ویکسین کی دستیابی سے متعلق برطانوی سفیر سے بھی مفید بات چیت ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ویکسین کی دو کروڑ خوراکیں حاصل کی جائیں گی۔ ویکسین کی خریداری کے لیے چین کی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ سائنوفام اور کنسائنو نامی کمپنیوں سے ویکسین کی فراہمی پر بات جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے زیادہ آبادی والے ملک کی تمام آبادی کے لیے ویکیسن کی فراہمی آسان نہیں ہے۔ کورونا ویکیسن کی دستیابی سے متعلق خصوصی تکنیکی کمیٹی بھی بنائی گئی ہے۔ ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے 8 سے 9 ویکیسن کی نشاندہی کی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ حکومت کی تمام مشینری کورونا ویکیسن کی جلد سے جلد فراہمی کے لیے فعال ہے۔