اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چودھری فواد حسین نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ براڈ شیٹ پر رفیق تارڑ، افتخار چودھری اور ملک قیوم پر مبنی کمیشن تشکیل دیا جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کو پتہ ہے کہ جب بھی ایسے لوگ احتساب کریں گے جن کو خریدنا مشکل ہو گا،ان کی چیخیں آسمان تک جائیں گی یہ ہی اب ہو رہا ہے۔ آپ کے پاس دو راستے ہیں یا پیسے واپس کریں یا جیل کاٹیں۔
ایک اور ٹویٹ میں فواد چودھری نے لکھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نئی قیادت سامنے لائے، دو خاندانوں کا مستقبل تاریک ہے، سیاسی جماعتں میں جمہوریت لائیں اور ادارہ جاتی بنیادوں پر منظم کریں۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ جب تک سیاسی جماعتوں میں لیڈرشپ بدلنے کا میکنزم نہیں آتا ملک میں جمہوریت نہیں پنپ سکتی، پارٹی کو شخصیات سے اوپر ہونا چاہئے۔