لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دسمبر گزر گیا، جنوری کا آخری ہفتہ بھی آ گیا، اپوزیشن اراکین کے استعفے آئے نہ لانگ مارچ ہوا، فروری اورمارچ بھی آئیں گے اورگزرجائیں گے۔
ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک عدم اعتماد پھر بھی نہیں آئے گی، یہ کاغذی شیر ہیں، تھوک کا چاٹنا ان کی گھٹی میں پڑا ہے۔ جعلی راجکماری، شہزادے اور مولانا میں جوتیوں میں دال بٹنا شروع ہوچکی ہے، پہلے ہی کہا تھا اس ناجائز اتحاد کی بیل منڈھے نہیں چڑھے گی۔
ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ کے شہزادے نے اپنی چال چل دی ہے، جعلی راجکماری بھی آس لگائے بیٹھی ہیں، کنیزاؤں کے چہرے زرد ہیں اورزبانیں لرزرہی ہیں۔ پی ڈی ایم کا مریل گھوڑا مردہ ہوچکا ہے، مولانا اب اس غیر فطری اتحاد کا جنازہ پڑھانے کی تیاری کریں، مولانا سے جو کچھ ہوا وہ ہونا ہی تھا، جن لوگوں نے کورونا کے دوران عوام کی زندگیوں کی پرواہ نہیں کی اب و ہ خود نشان عبرت بن چکے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 485 نئے مریض رپورٹ ہوئے، گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا سے 24 مریض انتقال کر گئے ہیں۔ پنجاب میں اموات کی مجموعی تعداد 4561 ہو چکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 19090 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2810638 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔