لاہور: (دنیا ینوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر اعجاز شاہ نے ملاقات کی ہے، جس میں منشیات فروشوں کیخلاف مشترکہ اقدامات اور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منشیات کے دھندے کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت مشترکہ طور پر اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کی سختی سے سرکوبی کی جائے گی، پولیس، ایکسائز اور متعلقہ محکمے انسداد منشیات فورس کو ہر طرح کی معاونت فراہم کریں گے، منشیات کا کالا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں، منشیات فروشی کے خلاف پنجاب میں بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا، تعلیمی اداروں کے باہر منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔
وفاقی وزیر اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ منشیات کی خرید و فروخت کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، پنجاب حکومت کے ساتھ ملکر منشیات کا دھندا کرنے والے عناصر کو قانون کی گرفت میں لائیں گے، منشیات کا کاروبارکرنے والوں کے خلاف مشترکہ کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر کی جانب سے اداروں پر دشنام طرازی کا کوئی جواز نہیں، اپوزیشن کی جانب سے اداروں کو متنازعہ بنانے کا مخصوص ایجنڈا بے نقاب ہو چکا ہے۔