لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی یکجہتی کو تباہ کرنے کی مذموم کوشش کی، ذاتی مفادات کی خاطر اپوزیشن نے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عملی طور پر اپوزیشن کی پوزیشن صفر رہی، اپوزیشن واویلا مچاتی رہی اور عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، عوام دو چہروں والے ان سیاست دانوں کی منفی سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت غریب عوام کا درد سمجھتی ہے، یہ وقت پوائنٹ سکورنگ کا نہیں، اپوزیشن کی جانب سے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھٹیا سیاست نہیں چلے گی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کے سامنے بلند و بانگ دعویٰ کرنے والوں کی قلعی کھل چکی ہے، اپوزیشن جماعتوں نے غیر معمولی حالات میں بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، وقت نے ثابت کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بر وقت فیصلے کئے۔