لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار لاہور میں صفائی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں انتظامیہ پر برس پڑے، 2 روز میں پورا شہر صاف کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔
لاہور میں جگہ جگہ کچرا، صفائی کیوں نہیں ہوئی،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے 2 روز میں پورا لاہور صاف کرنے ور نہ سخت ایکشن کی وارننگ دے دی۔ صفائی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ میرے پاس رپورٹس ہیں لاہور کو کچڑا خانہ بنا دیا گیا، جب بھی وزٹ کیا برے حالات ہی ملے، تمام محکمے مل کر صرف پہلے لاہور کو صاف ستھرا بنائیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کریں اور رپورٹس دیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم کسی کمپنی سے بلیک میل نہیں ہوں گے، جو کام نہیں کرتا اسے فارغ کر دیں۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ بیس ہزار ٹن کوڑا اٹھا لیا ہے، پانچ ہزار کوڑا سڑکوں پر ہے۔