اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی عثمان بزدار کو فون کر کے کورونا سے صحت یاب ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا جمعہ کے روز طے شدہ دورہ لاہور وزیراعلی عثمان بزدار کی صحت کے باعث ملتوی کیا گیا۔ وزیراعظم نے فون پر وزیراعلی کی مکمل صحت یابی کی دعا کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ ان کی مکمل صحت یابی پر آئندہ ہفتے لاہور کا دورہ کریں گے۔
وزیراعظم کے آئندہ دورہ لاہور بارے ایجنڈے کو حتمی شکل دیدی گئی، عمران خان کے آئندہ دورہ لاہور پر اشیائے خورد ونوش اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم کو بور ڈ آف ریونیو کے حکام اپنے اقدامات بارے بریف کریں گے، ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے بھی وزیراعظم اجلاس کی صدارت کریں گے۔ یونیورسل ہیلتھ کوریج پلان بارے عمران خان کو بریف کیا جائے گا۔
عمران خان شیخوپورہ گوجرانوالہ روڑ کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے، وزیراعظم پنجاب میں انسپکٹر لیس رجیم پروگرام کا بھی افتتاح کریں گے۔