لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا، تبدیلی کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عام انتخابات میں شکست خوردہ عناصر وزیراعظم عمران خان کے خلاف پہلے دن سے ہی سازشیں کر رہے ہیں، وزیراعظم کی عوامی خدمت کی سیاست سے ہر سازش ناکام ہوئی، عوام کل بھی تحریک انصاف کے ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں اور مستقبل میں بھی ساتھ رہیں گے، ہارنے والے عناصر جتنا مرضی پراپیگنڈا کرتے رہیں، ملک کو مقروض بنانے والے کس منہ سے رہنمائی کا دعویٰ کرسکتے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا تحریک انصاف کے دور میں ملک پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے، ڈھائی برس میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بے شمار اقدامات کئے، حکومتی امور میں سادگی لانے سے اخراجات میں نمایاں کمی آئی، سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے نام پر قومی وسائل کا بے دریغ ضیاع کیا گیا، قومی وسائل کے غلط استعمال کی روایت کو ختم کر دیا ہے، عوام کا پیسہ عوام کی امانت ہے اور اب عوام پر ہی صرف ہو رہا ہے، ہماری سمت درست اور نیت نیک ہے۔