تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Published On 04 January,2021 11:20 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی، سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکا دیا۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے ملتان اور بہاولپور میں سیکرٹریٹ کا قیام جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے تحفہ ہے، ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کو عملی جامہ پہنایا ہے، سابق ادوار میں جنوبی پنجاب کے فنڈز کو دیگر شہروں پر خرچ کیا گیا، ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے فنڈز دیگر منصوبوں کو منتقل کئے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سابق ادوار میں جنوبی پنجاب کے عوام پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستے رہے، جنوبی پنجاب کے فنڈز نہ کسی شہر کو منتقل ہوں گے نہ کسی اور منصوبے پر خرچ کئے جاسکیں گے، جنوبی پنجاب کے فنڈز وہاں کے عوام کی ترقی اور خوشحالی پر ہی صرف ہوں گے، تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کو اس کا حق واپس کر رہی ہے، جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں پہلی بار حقیقی ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔
 

Advertisement