اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کشمیری سراپا احتجاج ہیں، ہندوستان میں جمہوریت کی بجائے کالے قوانین کا نفاذ ہے، اقلیتیں غیر محفوظ جبکہ مودی سرکار کے رویئے سے پڑوسی نالاں ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوم سیاہ کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج بھارت کا یوم جمہوریہ یومِ سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے، آئین کے تحت کشمیریوں کو دیا گیا تشخص چھین لیا گیا، کشمیری سراپا احتجاج ہیں کہ ان کے بنیادی آئینی حقوق سلب کر لیے گئے، بھارت میں ریپبلک ڈے کی پریڈ میں ٹینک نہیں ٹریکٹر نظر آ رہے ہیں، آج دلی کی طرف ہندوستان کے کسان مارچ کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کی منفی پالیسیوں کے باعث بھارت کی معیشت کی صورتحال بگڑ چکی، بھارت میں آج اقلیتیں خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہیں، ہندوستان میں مسلمان، بنگالی، دلت کوئی محفوظ نہیں، آج کے بھارت میں سیکولرازم دبتا ہوا اور ہندوتوا سوچ ابھرتی دکھائی دے رہی ہے، نیپال، چین، بنگلہ دیش سب کے ساتھ بھارت کا رویہ بدلا ہوا ہے، ہندوستان اسی رویئے کے باعث تیزی سے اپنے پڑوسی ممالک سے دور ہو رہا ہے۔
دوسری جانب آج کے روز دلی میں جہاں نام نہاد جمہوریت کا بگل بجایا جاتا ہے تو غیر قانونی طور پر قبضہ کئے گئے جموں و کشمیر میں سات دہائیوں سے جمہوری حقوق پر قدغن کے خلاف اس روز کو کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔
کشمیری عوام کا کہنا ہے کہ خود کو جمہوریت کا چیمپئن کہلانے والا بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ وادی جموں و کشمیر میں فوجی قبضے کو دوام بخشنے کی خاطر سنگین غیر جمہوری اقدامات میں ملوث ہے۔ یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری عالمی برادری سے غصب کئے گئے مسلمہ جمہوری حقوق دلانے کے لئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔