پاکستان میں گزشتہ سال کی نسبت بدعنوانی میں اضافہ ہوا: ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل

Published On 28 January,2021 11:52 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں کرپشن بڑھ گئی، گزشتہ سال کی نسبت بدعنوانی میں اضافہ ہوا ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے رپورٹ جاری کر دی۔

دنیا بھر میں بدعنوانی اور دیانت داری پر عمل پیرا ممالک پر ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں 2020 میں کرپشن بڑھی ہے، 2019 کے مقابلے میں 2020 میں پاکستان کا سکور کم ہوا ہے۔

 

رپورٹ میں پاکستان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ 2020 میں پاکستان نے 100 میں سے 31 پوائنٹس حاصل کئے، پاکستان کی رینکنگ میں 180 ممالک میں سے 124 واں نمبر ہے، 2019 میں پاکستان کا سکور 32 تھا جبکہ 2019 میں پاکستان کا 120 واں نمبر تھا۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ حکومت کو مقننہ، انتظامیہ اور پولیس کے شعبوں میں کارکردگی بہتر بنانا ہوگی، کرپشن سے پاک ممالک میں دنیا بھر میں ڈنمارک اور نیوزی لینڈ سر فہرست رہے جبکہ شام، صومالیہ اور جنوبی سوڈان سب سے نیچے رہے۔