اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے چین سے کورونا ویکسین منگوانے کیلئے خصوصی ہوائی جہاز بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خصوصی جہاز آئندہ ایک دو روز میں چین روانہ ہوگا۔ یہ فیصلہ کورونا ویکسین کے معاملہ پر این سی او سی کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کی۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے صحت نے ویڈیو لنک کے ذریعہ شرکت کی۔ اجلاس میں صوبوں کو ویکسین کی فراہمی اور استعمال کے حوالے سے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
این سی او سی کے اجلاس میں صوبوں نے ویکسین لگانے کے طریقہ کار کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہا کہ صوبوں نے اس سلسلے میں ویکسین سینٹرز بنائے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع کی سطح پر بھی ویکسین کے حوالے سے انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کے معاملہ پر ہم سب متحد اور پوری طرح تیار ہیں۔