مہنگائی کی دہائی دیتے عوام کی چیخیں، حکومت نے پھر پٹرولیم بم گرا دیا

Published On 31 January,2021 08:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گراتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ کر دیا ہے۔

نوٹٰفیکییشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 70 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 88 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ آئل اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی طرف سے پیٹرول کی قیمت میں 13.18 روپے فی لیٹر اضافہ کی سمری بھیجی گئی تھی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل میں 12.12 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 11.10 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6.62 روپے فی لیٹر اضافہ تجویر کیا گیا تھا۔

تاہم وزیرِاعظم عمران خان نے اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی مجوزہ سفارشات کے برعکس عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم سے کم اضافے کی منظوری دی۔

وزیرِاعظم نے عوامی مفاد کے پیشِ نظر پیٹرول کی قیمت میں صرف 2.70 روپے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل میں 2.88 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.54 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3.00 روپے فی لیٹر کا اضافہ کرنے کی اجازت دی۔

لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 79 روپے 23 پیسے فی لٹر، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 80 روپے 19 پیسے فی لٹر، پٹرول کی نئی قیمت 111 روپے 90 پیسے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 116 روپے 7 پیسے فی لٹر ہو گی۔ خیال رہے کہ رواں سال یکم جنوری سے اب تک پٹرول 8 روپے 21 پیسے مہنگا ہوا ہے۔

یکم دسمبر سے اب تک دو ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات 16 روپے 37 پیسے تک فی لیٹر مہنگی ہوئیں۔ پیٹرول 11 روپے 21 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل 14 روپے 64 پیسے، لائٹ ڈیزل 16 روپے 37 پیسے اور مٹی کا تیل 14 روپے 90 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔
 

Advertisement