اسلام آباد: سرکاری ملازمین کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان، روانگی شروع ہوگئی

Published On 11 February,2021 10:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے مطالبات ماننے کے بعد سرکاری ملازمین نے اسلام آباد میں اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تمام ملازمین کی گھروں کو واپسی شروع ہو گئی ہے۔

سرکاری ملازمین کے لیے بنائی گئی مذاکراتی کمیٹی کے چیئرمین پرویز خٹک کا ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں سب کو مبارکباد دیتا ہوں، ان کی محنت اور جدوجہد سے مطالبات تسلیم ہو گئے۔ ایک سال سے سرکاری ملازمین سے بات چیت چل رہی تھی۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ کل جو ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، اس پر معذرت خواہ ہیں۔ ہماری کوشش ہو گی ایسی ہنگامہ آرائی سے آئندہ بچا جا سکے۔ ملکی حالات کو دیکھ کر کچھ فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گریڈ ایک سے گریڈ 19 تک کے ملازمین کی تنخواہ میں سالانہ 25 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ نے ٹائم سکیل اپ گریڈ کرنے کی بھی منظوری دی ہے، جو زیادہ محنت کرے گا اس کو فائدہ ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے حوالے سے وزیراعظم نے وزرائے اعلیٰ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مسائل پر صوبوں سے بھی جلد فیصلہ کرائیں گے۔ تحریری طور پر بھی سب کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ کچھ اساتذہ عدالتی فیصلے کی وجہ سے بھی تکلیف میں ہیں۔ وزیر تعلیم شفقت محمود سے بھی اساتذہ کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔ جن اساتذہ کے مستقل ہونے والے مسائل ہیں، ان کا بھی حل نکالا جائے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرکاری ملازمین گرینڈ الائنس کے سربراہ رحمان باجوہ کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبے پر سمری پیش کر دی گئی ہے۔ اپ گریڈیشن جون سے طے کیا گیا تھا، مگر وہ بھی مارچ سے کر دیا گیا ہے۔ تمام سرکاری ملازمین اور ان کے اتحاد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وفاقی وزرا کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں، جنہوں نے مطالبات کی منظوری کے لیے انتھک محنت کی۔
 

Advertisement