گورنر پنجاب سے صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کی ملاقات

Published On 21 February,2021 10:21 am

لاہور:(دنیا نیوز) گورنر پنجاب سے صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات میں مسئلہ کشمیر، پارٹی اور سیاسی امور سمیت دیگر ایشوز پربات چیت کی گئی۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت سب ایک پیج پر ہیں۔ مودی پاکستان دشمن دہشت گرد تنظیموں کا سرغنہ بن چکا ہے۔ کشمیر میں بھارتی مظالم پرعالمی اداروں کی خاموشی بھی جرم ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ایک خواب کے سواکچھ نہیں۔

چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن کر ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ مووی باہر سے لوگوں کو آباد کر کے کشمیریوں کی اکثریت کو ختم کر رہا ہے۔ کشمیر کے عوام کی منزل پاکستان ہے اور پاکستان ہی رہے گی۔

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود کا کہنا تھا کہ کشمیری اور پاکستانی ایک دوسرے سے دور ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔