لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین سی پیک لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ چین سے زرعی ریسرچ میں معاونت کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
گورنر ہاؤس لاہور میں ایگریکلچر کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں گورنر پنجاب چودھری سرور، وفاقی وزیر خوراک سید فخر امام، چیئر مین سی پیک اتھارٹی لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے جد ید ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کیلئے سفارشات تیار کی گئیں۔ چیئرمین سی پیک عاصم سلیم باجوہ نے کمیٹی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ کمیٹی نے کپاس کے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا۔
گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ سبسڈی کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر منصوبہ شروع کرے گی، کپاس کے نئے بیچ کی تیاری کیلئے چین اور دیگر ممالک سے مدد لی جائے گی، وفاقی اور صوبائی حکومت کے تمام متعلقہ محکمے کپاس کے کاشتکاروں کیساتھ کھڑے ہیں۔
چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان کیلئے خصوصی طور پر ایگری کلچر اتاشی کی تقرری کر دی ہے، سی پیک منصوبے کے تحت ایگر ی کلچرکے شعبے میں بھی بھرپور کام کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر خوراک سید فخر امام کا کہنا تھا کہ کپاس کاشت کرنیوالوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، کپاس کی پیداوار اچھی ہو گی تو ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کرے گی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت حسنین جہانیاں گردیزی نے بھی مختلف امور بارے بریف کیا۔