لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن کو سرپرائز دیں گے، اوپن بیلٹ پر اپوزیشن کی دوغلی پالیسی عوام کی سامنے عیاں ہو چکی ہے۔
وزیر اعلی پنجاب سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں منتخب نمائندوں نے عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلی پنجاب نے اراکین اسمبلی کے مسائل نوٹ کئے اور حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، ملاقات میں سیاسی امور اور سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حلقوں کے مسائل کے حل کے لئے لائحہ عمل بنا لیا، منتخب نمائندوں کی مشاورت سے مسائل حل کریں گے، عوام صرف ترقی اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، قوم کو انتشار کی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں، پی ڈی ایم اب قصہ پارینہ بن چکی ہے، آر پار اور استعفوں کی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اوپن بیلٹ کی مخالفت کرنے والوں کو سینیٹ الیکشن میں بھی منہ کی کھانا پڑے گی، اڑھائی برس میں اپوزیشن نے صرف مخالفت برائے مخالفت کی سیاست کی، ہمارے ڈھائی برس خدمت، شفافیت اور دیانت کی گواہی دے رہے ہیں، عوام کل بھی پی ٹی آئی کے ساتھ تھے اور آج بھی ساتھ ہیں، تحریک انصاف کی حکومت ملک کی ترقی و خوشحالی کا ایجنڈا لیکر آئی ہے۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے نظام کو تبدیل کرنے کیلئے بنیادی اصلاحات متعارف کرائی ہیں، ہماری ترجیح انسانی وسائل کی پائیدار ترقی ہے، وسائل کا رخ عام آدمی کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کی جانب موڑ دیا ہے۔
یاد رہے وزیر اعلی سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل، پیر ظہور قریشی، صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری، رکن پنجاب اسمبلی طاہر رندھاوا، سردار رضا دریشک اور دیگر شامل تھے۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔