لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی شاندار باؤلنگ، عمدہ بیٹنگ اور بہترین فیلڈنگ نے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔
قومی ٹیم کی فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھلاڑیوں نے میدان میں جس سپرٹ کا مظاہرہ کیا، وہ قابل ستائش ہے۔ تیسرا ٹی20 میچ جیت کر پاکستانی ٹیم نے قوم کو خوشیاں دیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ نے آج کے میچ اور سیریز کو خوب انجوائے کیا۔ ٹی 20 سیریز کے لئے شاندار انتظامات پر متعلقہ اداروں اور عملے کو شاباش دیتا ہوں۔
دوسری جانب وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیموں نے سیریز میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ نوجوان کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
رائے تیمور بھٹی نے کہا کہ محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے اپنی بیٹنگ پرفارمنس سے متاثر کیا۔ جنوبی افریقا ٹیم کے دورہ پاکستان پر مشکور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دورہ کے دوران بہترین انتظامات پر پولیس، سول اور سیکورٹی فورسز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ شائقین اب پاکستان سپر لیگ کی تیاری کریں۔