لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیاحت کا بہت پوٹینشل موجود ہے، اس شعبے کو ترقی دے کر معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے دور افتادہ مقام ماڑی، کوہ سلیمان اور چولستان میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا کر سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔ اقدام سے علاقے کی قسمت بدلے گی اور مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی کے لئے لاہور کی طرز پر ان علاقوں میں انڈر گراؤنڈ سٹوریج واٹر ٹینک بنانے کا جائزہ لیا جائے گا۔ ہماری توجہ پسماندہ علاقوں پر مرکوز ہے۔ اب کوئی علاقہ ترقی سے محروم نہیں رہے گا۔ پنجاب کے تمام پسماندہ علاقوں کی یکساں ترقی پاکستان تحریک انصاف کا نصب العین ہے۔ ماضی میں جنوبی پنجاب کے فنڈز کو بعض مخصوص شہروں پر خرچ کیا گیا۔ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ذمہ دار سابق حکمران ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی ہے۔ اب جنوبی پنجاب کے فنڈز نہ کسی دوسرے شہر منتقل ہو سکتے ہیں اور نہ ہی ان فنڈز کو کسی اور منصوبے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ترقی کا سفر چند مخصوص شہرو ں سے نکل کر پنجاب کے پسماندہ علاقوں تک پہنچ چکا ہے۔