لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان حکومت کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم ڈویلپ کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔معاہدہ طے پا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ بیرسٹرخالدخو رشیدنے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے اعلیٰ نے یوم یکجہتی کشمیر پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور معصوم لوگوں پر بھارتی ظلم و ستم کی شدید مذمت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی موجودگی میں پنجاب حکومت اور گلگت بلتستان حکومت کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین اظفر منظور اور گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے سیکرٹری عثمان احمد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔
معاہدے کے تحت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان حکومت کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم ڈویلپ کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کا کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور ویب پورٹل کی تیاری میں تعاون کرے گا۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کے لئے ٹاسک مینجمنٹ سسٹم بھی تیار کرے گا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گلگت بلتستان حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے ہیلتھ کیئر سسٹم، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں پہلے سے بڑھ کر تعاون کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان کے پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسوں کو پنجاب کے نرسنگ کالجوں میں تربیت فراہم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان کے پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسوں کو پنجاب میں تربیت فراہم کریں گے۔
عثمان بزدار نے پنجاب کے میڈیکل کالجوں میں گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کے کوٹے کے معاملے پر ہمدردانہ غور کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کالجوں میں کوٹے کے مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کریں گے۔
بیرسٹر خالد خورشید نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی ”شانٹی“ پہنائی اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پولو میچ دیکھنے کی بھی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ میں انشا اللہ جلد گلگت بلتستان کا دورہ کروں گا۔