لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، لاہور کے گلشن اقبال پارک میں علامہ اقبال کے مجسمے کو ہٹانے کا فیصلہ، عثمان بزدار نے ڈی جی پی ایچ اے سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گلشن اقبال پارک میں علامہ اقبال کے مجسمے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ پارک میں مجسمہ رکھنے کا واقعہ متعلقہ حکام کی غفلت ہے، کوتاہی برتنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔
چیئرمین پی ایچ اے یاسر گیلانی کا کہنا تھا کہ یہ مجسمہ مالیوں کی جانب سے بنایا گیا جو ماہر مصور نہیں ہیں، ماہر مصور کی خدمات لیکر اس کو ٹھیک کریں گے۔
یاد رہے گلشن اقبال پارک میں پی ایچ اے کے مالیوں کی جانب سے 14 اگست 2020 کو شاعر مشرق کا مجسمہ بنایا گیا تھا۔ مگر مجسمہ بنانے میں شاعر مشرق کی اصل تصویر کے مطابق عکس بندی نہ کی جاسکی۔ گلشن اقبال پارک میں بنے مجسمے میں شاعر مشرق کو پہچانا بھی نہیں جا سکتا۔