پی ڈی ایم جلد گمنامی کی تاریکیوں میں کھو جائے گی: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Published On 11 February,2021 09:54 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جلد گمنامی کی تاریکیوں میں کھو جائے گی، اپوزیشن رہنماؤں کا اتحاد بدگمانیوں پر قائم ہے جس کی کامیابی کا کوئی امکان نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، جس میں حلقوں کے مسائل کے حل اور سینیٹ الیکشن پر مشاورت کی گئی۔ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کو عوامی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے لئے ترقیاتی پیکیج دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔

عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی زین قریشی، اورنگ زیب خان کھچی، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی، اراکین پنجاب اسمبلی فتح خالق، چودھری بلال اصغر، کرنل(ر) غضنفر عباس شاہ، ملک مختار احمد، آصف مجید اور میاں محمد فرخ ممتاز مانیکا شامل تھے۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ اور سیکرٹری گڈ گورننس کمیٹی کرنل (ر) اعجاز حسین منہاس بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا، ماڑی، سخی سرور سمیت متعدد علاقے ایسے ہیں جہاں کبھی کوئی وزیراعلیٰ نہیں گیا، خود پنجاب کے ہر دور افتادہ علاقے میں جا کر عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کرتا ہوں، عوام سے ملکر ان کے مسائل حل کرتا ہوں، صرف ڈی جی خان ہی نہیں بلکہ پنجاب کے ہر پسماندہ علاقے کا وکیل ہوں اور ترقی کے لئے لڑوں گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ تعلیم، صحت اور آبپاشی سے متعلق مسائل حل کرنا ترجیحات میں شامل ہے، لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل بھی حل کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا پی ڈی ایم کا اتحاد تشکیل سے پہلے ہی اختلافات کا شکار ہوگیا تھا، پی ڈی ایم میں اعتماد کا فقدان ہے،اپوزیشن استعفوں کی طرح لانگ مارچ سے بھی راہ فرار اختیار کر رہی ہے، ایک دوسرے پر عدم اعتماد کے ساتھ جلسے جلوس تو ہوسکتے ہیں لیکن تحریک نہیں چلتی۔
 

Advertisement