لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ سب دیکھ لیں گے حکومت آئینی مدت کا آخری دن بھی پورا کرے گی، پارلیمنٹ کے باہر ناکام اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر بھی ناکام ہی ہوگی۔
گورنرپنجاب چودھری سرور نے پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کوئی آسان مارچ نہیں، یہ اپوزیشن کے بس کی بات نہیں، فروری، مارچ، اپریل اور مئی بھی گزر جائیگا جون میں بجٹ پیش ہوگا، اپوزیشن نے استعفے دیئے لانگ مارچ کیا نہ ہی اب تحریک عدم لا سکے گی۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کسی صورت اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اپوزیشن کے پاس حکومتی مینڈیٹ تسلیم کرنے کے سوا اب کوئی آپشن نہیں، ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچانے کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے، الحمدللہ موجود حکومت تمام شعبوں کی مضبوطی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، ملک کو آگے بڑھانے سے روکنے کی سازشیں کرنیوالے کامیاب نہیں ہوں گے۔