پنجاب: دھند کے باعث ٹریفک حادثات، 11 افراد جاں بحق، 65 سے زائد زخمی

Published On 17 February,2021 09:54 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 11 افراد جاں بحق اور 65 سے زائد زخمی ہو گئے۔

پنجاب میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں کئی انسانی جانیں ضائع ہوگئیں جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ قائد آباد میں میانوالی خوشاب روڈ پر منی ٹرک اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

نارووال میں نیو لاہور روڈ پر شدید دھند کے باعث مسافر بس الٹ گئی۔ حادثے میں2 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ جی ٹی روڈ کامونکی چیانوالی کے قریب ہونے والے حادثے میں 16 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 12 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے کے باعث جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

چونیاں میں چھانگا مانگا روڑ پر دھند کے باعث سکول رکشہ فٹ پاتھ سے ٹکرا گیا۔ ریسکیوزدائع کے مطابق حادثے میں رکشہ ڈرائیور سمیت 7 طالب علم شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ میاں چنوں میں دھند کے باعث بس اور ٹرک میں ٹکر ہونے سے 7 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو علاج معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

فیروزوالہ کالا خطائی روڈ پر تیز رفتار ٹرک بے قابو ہوکر دو موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گیا، حادثے میں دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے جنہیں میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔
 

Advertisement