سیاسی ماحول گرم رکھنے کیلئے پی ڈی ایم نئے اعلانات کر رہی ہے: گورنر پنجاب

Published On 15 February,2021 10:57 am

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ سیاسی ماحول گرم رکھنے کیلئے پی ڈی ایم نئے اعلانات کر رہی ہے، سیاسی مخالفین چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحر یک عدم اعتماد کا نتیجہ مت بھولیں، اپوزیشن ناکام ہوگی، عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔

گورنر پنجاب سے صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر چودھری سرورت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتمام اپوزیشن کا نیا سیاسی شوشہ ہے، اپوزیشن اگر تحریک عدم اعتماد کا شوق پورا کرنا چاہتی ہے تو شوق سے کرے، عمران خان بطور وزیراعظم اور حکومت دونوں 2023 تک قائم رہیں گے۔

چودھری سرور نے کہا کہ اب بھی وقت ہے اپوزیشن سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹ کی حمایت کر دے، اوپن بیلٹ سے سینیٹ انتخابات میں شفافیت اور ایوان بالا کا تقدس بحال ہوگا، خفیہ رائے شماری سے بھی حکومتی اور اتحادی سینٹرز امیدوار کامیاب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانا ملکی اور قومی مفادات کے خلاف ہے، اپوزیشن سیاست کرے مگر قومی اداروں کو متنازعہ بنانے کی سازش نہ کرے۔

صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف متحد ہے، تحریک انصاف کے پاس 5 سال حکومت کرنے کا مینڈیٹ ہے، عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اپوزیشن ناکام ہوگی۔
 

Advertisement