لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج، حدنگاہ انتہائی کم ہونے کے سبب موٹروے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا، لاہور ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل رہا.
لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور گردونواح میں دھند کی چادر تن گئی، حد نگاہ 30میٹر رہ گئی جس کے سبب شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہا۔ دھند کے سبب موٹروے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔ موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم تھری کو لاہور سے سمندری ، لاہورسے عبدالحکیم، موٹروے ایم فورپنڈی بھٹیاں سے شام کوٹ، فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک بند کر دیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری بلا ضرورت سفر سے گریز کریں اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں۔
لاہور ایئرپورٹ کو بھی دھند کے سبب بند کر دیا گیا، فلائٹس کا شیڈول متاثر ہونے سے مسافر پریشانی میں مبتلا رہے۔ صوبے کے دیگر علاقوں کندیاں، ظفروال، مانگا منڈی، پھولنگر، پتوکی کے علاوہ گوجرہ ، چنیوٹ، بھوانہ، رینالہ خورد اور نارنگ منڈی میں بھی دھند کے سبب ٹریفک کی روانی متاثررہی۔