لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا بیان میں کہنا تھا کہ 26 مارچ کے بعد 27 مارچ ہو گا اور کچھ نہیں ہوگا۔ دسمبر، جنوری میں کچھ نہ کر سکنے والی اپوزیشن مارچ میں بھی ناکام ہی ہو گی۔ سال 2023 تک مارچ آتے اور جاتے رہیں گے مگر حکومت قائم رہے گی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور کا بیان میں کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ایک دوسرے پر اعتبار ہے اور نہ ہی ان میں اتفاق ہے۔ سینیٹ انتخابات کیلئے اوپن بیلٹ سے ووٹ چوری کاخاتمہ ہوجائے گا۔ اتحادی جماعتیں اور عوام بھی حکومت کے بیانیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ لانگ مارچ سے حکومت کا خاتمہ اپوزیشن کی غلط فہمی کے سوا کچھ نہیں، عوام نے تحریک انصاف کو پانچ سال حکومت کا مینڈ یٹ دیا ہے۔ سیاسی مخالفین کو مشورہ ہے صبر کے ساتھ 2023 کے انتخابات کا انتظار کریں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف اور اتحادی ہی کامیاب ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان قومی امنگوں کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ معاشی سمیت تمام شعبوں میں ملک کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کرنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں۔