فیروزوالا: گوبر پھینکنے کے جھگڑے پر سابق ن لیگی کونسلر قتل

Published On 07 February,2021 11:43 am

فیروز والا:(روزنامہ دنیا)رانا ٹاؤن میں گوبر پھینکنے کے جھگڑے پر سابق ن لیگی کونسلر کو قتل کردیا گیا۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق کونسلر اور مسلم لیگ (ن)فیروز والا ٹاؤن کے نائب صدر چودھری منیر احمد گجرکے بھتیجے فاروق اور ملزمان ارسلان وغیرہ کے درمیان گوبر پھینکنے پر جھگڑا ہوا جس پر منیر احمد نے تھانہ فیروز والا میں درخواست دی،پولیس نے دونوں پارٹیوں کو تھانے میں بلایا جہاں انکے درمیان پھر تلخ کلامی ہوگئی ،ملازمین اور شہریوں نے بیج بچاؤ کرایا بعد میں انہیں دوبارہ طلب کرنے کیلئے کہا گیا ۔

اس سلسلے میں منیر احمد گجر اپنے بھتیجے اور ساتھیوں کے ہمراہ درخواست کی پیروی کیلئے اپنے دفتر کے باہر کھڑے تھے کہ اس دوران ارسلان احمد اس کا بھائی بوٹا اور دیگر افراد موٹرسائیکلوں پر پہنچے اور فائرنگ کر کے منیر احمد گجر کو شدید زخمی کر دیا جسے ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزموں تلاش شروع کردی۔

پوسٹمارٹم کے بعد لاش رانا ٹاؤن پہنچی تو رشتے داروں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جنہوں نے جی ٹی روڈ پر لاش رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور روڈ بلاک کردی،جس سے ٹریفک جام ہوکر رہ گئی۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے موقع پر پہنچ کر مذاکرات کئے اور ملزموں کو جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد ٹریفک بحال کردی گئی، ملزمان کا تعلق پی ٹی آئی سے بتایا گیا ہے ۔
 

Advertisement