پنجاب: مختلف شہروں میں دھند کا راج، حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کئی مقامات سے بند

Published On 18 February,2021 09:36 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج ہے، حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کئی مقامات سے بند کر دی گئی۔ لاہور ایئر پورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند سے کئی مقامات پر صبح کے وقت حد نگاہ صفر تک رہی، پنڈی بھٹیاں، قصور، اوکاڑہ میں دھند چھائی رہی۔ قائد آباد، جہانیاں، خوشاب میں بھی دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔ دھند بڑھنے سے لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹس کا شیڈول متاثر ہوا، پروازوں کے منسوخ ہونے اور تاخیرسے مسافر کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے اکثر علاقوں میں آج موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
 

Advertisement