اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید نے حلیم عادل شیخ کے ساتھ ناروا سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ سے رپورٹ طلب کر لی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے حلیم عادل شیخ سے متعلق میڈیا میں آنے والی رپورٹس پر نوٹس لیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ ایک معزز رکن سندھ اسمبلی ہیں، اپوزیشن لیڈر ہیں، حلیم عادل شیخ کے بنیادی انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کو تمام ضروری طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔
یاد رہے حلیم عادل شیخ کے ترجمان محمد علی بلوچ نے الزام لگایا تھا کہ سنٹرل جیل میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے، جیل میں پیپلزپارٹی کے گینگ وار سے تعلق رکھنے والے غنڈوں نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا، گزشتہ روز سنٹرل جیل میں حلیم عادل شیخ کو سازش کے تحت جیل انتظامیہ نے تشدد کا نشانہ بنوایا۔
ترجمان کے مطابق جیل انتظامیہ نے حلیم عادل شیخ سے کسی کی بھی ملاقات نہیں کروائی تھی، حلیم عادل شیخ کو جیل میں بند وارڈ کر دیا گیا تھا گھر سے کپڑے اور کھانا بھی نہیں پہنچانے دیا۔ جیل انتظامیہ نے حلیم عادل شیخ کو این آئی سی وی ڈی ہسپتال منتقل کیا، اہلخانہ کو حلیم عادل شیخ کو ہسپتال منتقل کرنے کی اطلاع دی گئی، حلیم عادل شیخ کی ٹانگ و دیگر حصوں پر تشدد کے نشان ہیں۔
ترجمان نے بیان میں مزید کہا ہے کہ جیل میں حلیم عادل شیخ کی زندگی کو خطرہ ہے۔