لاہور: (روزنامہ دنیا) 27 فروری 2019 کو پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی شاندار کامیابی پر پاکستانی قوم آج سرپرائز ڈے منا رہی ہے۔ دشمن کے دو جہاز ما گرائے اور پائلٹ ابھی نندن گرفتار ہوا۔
بھارت کے 2 جنگی طیارے گرا کر دندان شکن جواب دینے کے آپریشن کو 2 سال مکمل ہوگئے، 26 فروری 2019 کو رات کی تاریکی میں کی گئی بھار ت کی نام نہاد سرجیکل سٹرائیک کا جواب پاکستان کی طرف سے 27 فروری 2019 کو دن کی روشنی میں دیا گیا۔
پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی سرحدوں کے اندر رہتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے 6 عسکری اہداف کا لاک کیا لیکن اپنا ایمونیشن ٹارگٹ سے دور گرا کر یہ پیغام دیا کہ آئندہ کوئی غلطی کی تو اِن اہداف کو تباہ بھی کیا جاسکتا ہے، اِسی دوران دشمن کی طرف سے مقابلے کیلئے طیارے بھیجے گئے تو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ایک ولولہ انگیز معرکے کے دوران دشمن کے دو طیاروں کو تباہ کر دیا۔
افراتفری کے عالم میں دشمن ہمارے طیاروں کا تو کچھ نہ بگاڑ سکا البتہ اُس کی طیارہ شکن توپوں نے اپنا ہی ایک ہیلی کاپٹر مار گرایا، معرکے کے دوران تباہ ہونے والے ایک جہاز کا بھارتی پائلٹ ابھی نندن بھی پاکستان کے ہاتھ لگا لیکن امن کی خواہش کے پیش نظر اُسے واپس اُس کے وطن بھیج دیا گیا۔
پاک فضائیہ نے اس کامیابی کو آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کا نام دیا تھا، اِس آپریشن کے حوالے سے روزنامہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سکوارڈن لیڈر فیصل ریاض کا کہنا تھا کہ بھارت اور ہمارے درمیان سب سے بڑا فرق ایمان کی مضبوطی اور تربیت کا ہے، انہی دو عناصر کا نتیجہ رہا کہ ہم نے دشمن کو دن کی روشن میں دھول چٹا دی، ایئر فورس کا ہر افسر اور جوان ہمہ وقت پاک فضاؤں کی حفاظت کیلئے سربکف ہے۔
سکواڈرن لیڈر معظم سبطین نے کہا پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی قیادت کی طرف سے دئیے گئے اہداف انتہائی کامیابی سے حاصل کیے، دشمن کو یہ مضبوط پیغام یاد رکھنا چاہیے کہ اُس نے آئندہ بھی اگر جارحیت کی جرات کی تو اُسے ایسا ہی دندان شکن جواب ملے گا۔
ادھر پاک فضائیہ نے اپنی اس کامیابی پر صدائے پاکستان کے نام سے ملی نغمہ جاری کیا ہے، جسے گلوکار علی حمزہ نے گایا ہے، بول شہزاد نیئر نے تخلیق کئے ہیں، عکسبندی پاکستان کے مشہور ڈائریکٹر زوہیب قاضی نے کی ہے، یہ ترانہ پاک فضائیہ کے ان سپوتوں کی جرات اور بہادری کو خراجِ تحسین ہے جنہوں نے دشمن کے ساتھ 2019ء میں پیش آنے والے فضائی معرکے میں بہادری کی نئی داستان رقم کی اور ملک و قوم کا وقار بلند کیا۔