اسلام آباد: (دنیا نیوز) لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے نعرے بازی کی، جس کے بعد شاہد خاقان عباسی اور مصدق ملک کی پی ٹی آئی کارکنوں سے ہاتھا پائی ہوئی۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ماحول میں گرما گرمی ہوئی، جس کے بعد حالات کشیدہ ہوئے۔ شاہد خاقان عباسی کی نیوز کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے شور شرابہ کیا، تحریک انصاف کارکنوں نے وزیراعظم عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی۔ پی ٹی آئی ارکان نے عمران خان کی حمایت میں پلے کارڈ اٹھائے رکھے ہیں۔
قبل ازیں شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 4 اور 5 مارچ کی درمیانی رات نوٹیفکیشن جاری ہوا، صدر، وزیراعظم، سپیکر غیر قانونی اجلاس بلانے میں ملوث ہیں، عمران خان کے پاس اکثریت ہے نہ بات کر سکتے ہیں صرف بدمعاشی کرسکتے ہیں، ہم نے میدان خالی نہیں چھوڑا، میدان میں موجود ہیں، بد معاشی کا مقابلہ اسمبلی کے اندر اور باہر بھی کریں گے، بد معاشی کی سیاست ملک میں نہیں چلے گی۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے میدان خالی نہیں چھوڑا، میدان میں موجود ہیں، بدمعاشی کا مقابلہ اسمبلی کے اندر اور باہر بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم گھبرانے والے نہیں، ہم نے شرافت کی سیاست کی، عمران خان کو ہٹا کر دم لیں گے، وزیراعظم کے نمائند گان کو کوئی اخلاقی تربیت نہیں، وزیر خزانہ کو شکست کے دن سے عمران خان کی اکثریت ختم ہوچکی، ہم نے ان چوروں اور غنڈوں کا مقابلہ کرنا ہے۔